مورخہ انتیس اپریل سن دو ہزار اٹھارہ بروز اتوار شام پانچ بجے دھرتی رنگ ویلفیر ٹرسٹ، آدم جی روڈ، راولپنڈی صدر میں ٹرسٹ کے تیسرے آفیشل یومِ تاسیس کا انعقاد کیا گیا ۔ ٹرسٹ کی ڈائریکٹر گڑیا عمر نے مہمانان گرامی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ گو کہ یہ ادارہ پچھلے کئی سالوں سے کام کر رہا ہے لیکن آفشلی رجسٹرڈ ہو کر کام کرتے ٹرسٹ کو تین سال ہوئے ہیں ۔

دھرتی رنگ ویلفیر ٹرسٹ کے چیدہ چیدہ کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹرسٹ کے ذیر نگرانی ۔۔۔ ایک فری Montessori ، جو کہ ایک tree house پر بنائی گئی ہے ۔۔۔ ایک فری ڈسپنسری ، جہاں ایک گائناکالوجسٹ برگیڈئیر نائلہ طاہر اپنے وقت اور قابلیت سے معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ۔۔۔ ہر سال مستحق افراد کو عمرے پر بھیجا جاتا ہے ۔۔۔ فری ووکیشنل ٹریننگ کےلیے ہر دو مہینے پہ مبنی ایک سلائی اسکول مستقل بنیاد پہ کام کر رہا ہے، بچیوں کی شادی کے لیے امداد کا کام بھی شامل ہے۔۔۔ بینائی نگاہ کی مشکل سے دوچار افراد کے لیے مفت چشموں کی فراہمی ۔۔۔ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد ۔۔۔ رمضان کی بابرکت مہینے میں قریباً دو سو افراد کے لیے افطاری کا اہتمام کرتا ہے ۔

ینگ ویمن رائٹرز فورم سوشل ویلفیر کے لیے کام کرنے اور اسے اپنی زندگیوں کا ایک اہم جز بنانے پر یقین رکھتا ہے ۔ اس لیے ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی کوفاؤنڈر رابعہ بصری ، صدر فرحین خالد اور ممبر فاطمہ عثمان نے اس پروگرام میں شرکت کی ۔
سوشل ورک کے اسی سلسلے میں مقدور بھر حصہ ڈالنے کی خاطر پروگرام کی نظامت کے فرائض ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی صدر فرحین خالد نے ادا کیے جبکہ فورم کے اسلام آباد چیپٹر کی کوفاؤنڈر رابعہ بصری نے پروگرام کی کوآرڈینیشن میں کردار ادا کیا ۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر احمد حسن تھے ۔ آپ راولپنڈی میں گزشتہ پچیس سال سے حسن اکیڈمی فار سپیشل ایجوکیشن کو بطریقہ احسن چلا رہے ہیں ۔ جس میں قریباً دو سو طلباء مفت تعلیم کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں ۔
تقریب میں غلام قادر میموریل ٹرسٹ (اولڈ ہوم) کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ راولپنڈی میں موجود اس ادارے کے روحِ رواں اسی سال کے ایک شخص ہیں ۔
پروگرام میں دھرتی رنگ ویلفیر ٹرسٹ کے طلباء، ان کے والدین اور اولڈ ہوم سے آئے مہمانان کے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت بھی کی ۔
پروگرام کے مشترکہ علامیے میں کہا گیا کہ ان تمام تنظیموں کا ایک ساتھ جمع ہونا اور یک آواز ہونا ایک نہایت خوش آئند عمل ہے کیونکہ راہِ خدا ایک ہے اور خدمتِ خلق کا جذبہ بھی ایک ہی ہے اور فتح و نصرت قدم سے قدم ملا کر چلنے میں ہی ہے ۔
رپورٹ : عروج احمد (میڈیا ہیڈ ، ینگ ویمن رائٹرز فورم ، اسلام آباد چیپٹر)
عکاسی : سم خان