مورخہ انیس اپریل دو ہزار انیس کو عالمی یومِ کتاب کی مناسبت سے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام دسویں سالانہ کتب میلہ میں ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر نے ایک' بمقام پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد ، کا انعقاد کیا ۔ 
 
مذاکرہ کی ماڈریٹر شپ کے فرائض ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کی شریک بانی رابعہ بصری نے سر انجام دیے ۔ عروج احمد بطور رابطہ کار سرگرم رہِیں ۔ مذاکرے میں حاضرین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ۔ رابعہ بصری نے  مذاکرہ کی صدر محترمہ زاہدہ حنا اور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نجیبہ عارف کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ۔ مذاکرے کے موضوع کے حوالے سے مختصراً گفتگو کرنے کے بعد شرکائے گفتگو کاتعارف پیش کیا گیا جن میں فورم کی صدر فرحین خالد کے علاوہ صفیہ شاہد ، سپوگمئی علی خان ، معافیہ شیخ ، ابصار فاطمہ اور حنا امین شامل تھیں۔ 
 
مذاکرہ میں خواتین کی پسندیدہ اصنافِ سخن ، نو آموز لکھاریوں کو در آنے والی مشکلات ،خواتین لکھاریوں کی تخلیقی پرواز میں حائل سماجی رویے اور فورم کی خواتین قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے تفصیلاً گفتگو کی گئی ۔
 
مذاکرہ میں ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کی ممبران قندیل کاظمی ، شبیہہ زہرا ، عروج احمد ، طاہرہ غفور ، نرگس شاد کے علاوہ مختلف  طبقہُ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور  شرکت کی ۔بغور گفتگو کو سنا اور گفتگو کے معیار کو سراہا۔
 
گفتگو کے اختتام کے بعد مذاکرے کی صدرمحترمہ زاہدہ حنا اور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نجیبہ عارف نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ایک کامیاب نشست منعقد کرنے پر ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کو کھل کے سراہا ۔۔ نو آموز لکھاریوں کو ادب اپنا مقام بنانے کے لیے مفید مشوروں سے نوازا ۔ مذاکرہ میں شریک معروف مصنف و نقاد حمید شاہد نے بھی فورم کی اس کاوش پر اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا ۔ 
 
حاضرینِ محفل کے اصرار پر کوفاوُنڈر اسلام آباد چیپٹررابعہ بصری نے اپنا  تازہ کلام پیش کر کے داد وصول کی ۔
 
فورم کی ممبران صوفیہ کاشف کی کتاب "گہر ہونے تک " اور ابصار فاطمہ کی کتاب "افسانے کی حقیقی لڑکی" خصوصی مہمانوں کو پیش کی گئی ۔ 
 
اختتام پر معزز مہمانان اور حاضرینِ محفل کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیاگیا  کہ فورم نوجوان قلم کاروں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کے مواقع فراہم کرنے کی ہر ممکن سعی کرتا رہے گا ۔
 
رپورٹ : عروج احمد
ترتیب و تدوین : رابعہ بصری